اسلام آباد(ڈیسک)سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کووڈ۔ 19 سے کاروباروں کے تحفظ کی ری فنانس سکیم کے تحت اب تک 657.14 ارب روپے کے قرضوں کے اصل زر کی وصولی کو ایک سال کے لیے موخر کردیا ہے۔
بینک کی جانب سے 235.8 ارب روپے کے قرضہ جات کی ری سٹرکچرنگ بھی کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق قرضوں کی ری شیڈولنگ کی سہولت سے 17 لاکھ 65 ہزار 599 قرض حاصل کرنے والے صارفین نے استفادہ کیا ہے۔ مزید برآں مرکزی بینک کی جانب سے کووڈ ۔19 کے باعث کارکنوں کے روزگار کے ختم ہونے کے خدشات کو کم کرنے کے لیے 2958 کاروباری اداروں کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 238.2 ارب روپے کے سستے قرضے بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ ادھر کووڈ۔ 19 کے حوالہ سے علاج معالجہ کی سہولتوں میں اضافہ کے لیے ایس بی پی نے اب تک 43 مختلف ہسپتالوں کی کم شرح سود پر 10.073 ارب روپے کے قرضہ جات بھی جاری کیے ہیں جبکہ اس سکیم کے تحت 46 ہسپتالوں کی جانب سے 13.8 ارب روپے کے قرضہ کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرائی گئی تھیں۔