You are currently viewing سویڈن واقعات؛ او آئی سی کے پلیٹ فارم سے مذموم فعل کے تدارک کی حکمت عملی بنائینگے، شہباز شریف

سویڈن واقعات؛ او آئی سی کے پلیٹ فارم سے مذموم فعل کے تدارک کی حکمت عملی بنائینگے، شہباز شریف

اسلام آباد (ڈیسک) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوآئی سی کے پلیٹ فارم سے اس شیطانیت کے تدارک کی مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے۔
جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اوآئی سی کو امت مسلمہ کے احساسات کی ترجمانی اور اس شیطانیت کو رکوانے میں تاریخی کردار ادا کرنا ہے، تورات، انجیل اور قرآن کریم کی بے حرمتی کی اجازت دینے کے فیصلے کو تبدیل کرنے کی مہم چلائیں گے، مقدس کتابوں، ہستیوں اور شعائر کی بے حرمتی اظہار کی نہیں دنیا کو مستقل آزاردینے کی آزادی ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعات کا تسلسل اور ترتیب اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ اظہار کا نہیں بلکہ سیاسی اور شیطانی ایجنڈے کا حصہ ہے۔پورے عالم اسلام اور مسیحی دنیا کو مل کر اس سازش کو روکنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ شیطان کے پیروکاراس کتاب کی بے حرمتی کررہے ہیں جس نے انسانوں کو عزت دی، حقوق اور راہنمائی دی۔ تورات اور انجیل کی بے حرمتی کی اجازت دینے کے فیصلے سے بے حرمتی کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ نفرت کا فروغ ہے جس کی عالمی قانون اجازت نہیں دیتا ،مذہبی جذبات بھڑکانے، اشتعال انگیزی، دہشت گردی اور تشدد پر اکسانے کے یہ رویے دنیا کے امن کے لئے مہلک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ رویے قانونی اور اخلاقی دونوں لحاظ سے ہی شدید قابل نفرت اور قابل مذمت ہیں۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.