You are currently viewing سندھ کو آئی ٹی حب بنا کر مثال قائم کریں گے، کامران ٹیسوری

سندھ کو آئی ٹی حب بنا کر مثال قائم کریں گے، کامران ٹیسوری

کراچی (نیوز ڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ سندھ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا حب بنا کر دنیا میں مثال قائم کریں گے۔
کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کامران ٹیسوری نے کہا کہ حیدرآباد کے شہری انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید کورسزمفت کریں، نوجوانوں کو جدید ترین فیلڈ میں آنا چاہیے اور یہ موقع ہے کہ وہ کلاؤڈ اپلائیڈ جنریٹیو آرٹیفیشل انٹیلی جنس انجینئر بنیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی فری آئی ٹی کورسز کرائے جارہے ہیں اور اس کے لیے داخلے جاری ہیں، ہر امیدوار کو مفت آئی ٹی کورس کرایا جائے گا، انہیں جنریٹیو اے آئی انجینئرنگ کے سرٹیفکیٹ دیے جائیں گے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم کے ہتھیار سے لیس کیا جائے تاکہ نہ صرف وہ اپنا اور اپنے خاندان کا بلکہ ملک کا مستقبل بھی روشن کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری توجہ سے اگر کوئی اس فیلڈ کو سمجھ لے تو ایسا انجینئر با آسانی گھر بیٹھے 15 سے 20 لاکھ روپے ماہانہ کما سکتا ہے جس سے ملک کو بھی غیرمعمولی زرمبادلہ کی رقم حاصل ہوگی۔
کامران ٹیسوری نے بتایا کہ کراچی میں 50 ہزار نوجوان آن سائٹ آئی ٹی کورس کررہے ہیں جبکہ ساڑھے 4 لاکھ یہی کورس آن لائن کررہے ہیں، ان طلبہ میں سے بہت سے ایسے ہیں جنہوں نے تیسرے ماہ ہی سے 200 سے 500 ڈالر کمانا شروع کردیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے اس لیے ان کی کوشش ہے کہ قوم اس فیلڈ میں کہیں پیچھے نہ رہ جائے، آئی ٹی کورسز کا یہ سلسلہ کراچی اور حیدرآباد کے بعد سکھر سمیت سندھ کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے گا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.