You are currently viewing سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور اینگرو انرجی لمیٹڈ کے درمیان معاہدہ پر دستخط

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور اینگرو انرجی لمیٹڈ کے درمیان معاہدہ پر دستخط

کراچی (ڈیسک) سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور اینگرو انرجی لمیٹیڈ کے درمیان معاہدہ (MOU) پر دستخط کردیے گئے۔

معاہدے کے مطابق 3000 ٹن میونسپل سالڈ ویسٹ سے ایندھن بنانے کے پلانٹ کی فزیبیلٹی اسٹڈی تیار کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ، وزیرتوانائی سندھ امتیاز شیخ، بیرسٹر مرتضی وہاب، ایم ڈی سالڈ ویسٹ زبیر احمد چنہ، سی ای او اینگرو انرجی یوسف صدیقی، ہیڈ آف بزنس ڈیولپمنٹ اینگروانرجی عثمان حسن موجود تھے۔ وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کےوژن کے مطابق شہر کی صفائی اور ترقی کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں آج کا یہ معاہدہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ہم سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اوراینگرو انرجی کے اس اقدام کو سراہتے ہیں کہ وہ کچرے کا ایک پائیدار حل تلاش کرنے کے لیے سندھ حکومت کے اقدامات میں شامل ہوئے۔اس موقع پروزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا کہ آرڈی ایف پر کام پچھلے سال شروع کیا تھا ہم نے بھی کچرے سے بجلی پیدا کرنے کے معاہدے سائن کیے ہیں یہ شہر کلین اینڈ گرین کرنے کی جانب اقدامات کا حصہ ہیں ہم اور ایسے دیگر پروجیکٹ پربھی کام کر رہے ہیں تاکہ کچرے کو ری سائیکل کرکے اس کا بہتر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر ایم ڈی زبیر چنہ نے کہا کہ شہریوں کو صفائی ستھرائی کی سہولتیں فراہم کرنے کیلیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہاہے۔ یہ معاہدہ بھی انہی کاوشوں کی ایک کڑی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم ماحول دوست توانائی کے منصوبے کو نافذ اور اسے فروغ دینے کے منتظر ہیں جو آنے والی نسلوں کے لیے روشن اور پائیدار مستقبل کا ضامن ہوگا۔