You are currently viewing سندھ، بلدیاتی انتخابات میں تصادم کا خدشہ، شرپسند فائدہ اٹھا سکتے ہیں، رانا ثناء اللہ

سندھ، بلدیاتی انتخابات میں تصادم کا خدشہ، شرپسند فائدہ اٹھا سکتے ہیں، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تصادم کا خدشہ ہے اور بعض شرپسند عناصر اس صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ہفتہ کو اپنے بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے 15 جنوری کو انعقاد پرسیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات نے تشویشناک صورتحال اختیار کرلی ہے۔ دو سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو کروانے کی حامی اور دو اس کی مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے معاملہ پرتصادم کا خدشہ ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بعض شرپسند عناصر اس صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جس سے تصادم اورامن وامان کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئی ایک چھوٹا سا واقعہ کراچی اورحیدرآباد میں کسی بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتاہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور الیکشن کمیشن سمیت متعلقہ دیگر فریقین کو معاملہ فہمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی کی فضا کو ڈی فیوزکرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور عدلیہ حالات کی سنگینی کا نوٹس لیں، آئین اور قانون کی روشنی میں مناسب حل نکالا جائے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.