اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی وزیر برائے بحری امور سینیٹر سید فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ حکومت سمندروں اور سمندری وسائل کو محفوظ اور پائیدار طریقے سے استعمال کرنے کے لیے پائیدار ترقی کے اہداف کے ہدف نمبر 14 پر گہری توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے.
وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق صوبہ بلوچستان کی مجموعی ترقی کے لیے گوادر کی پائیدار ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس 2023 میں “میری ٹائم اکانومی ” پر بطور مقرر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے میری ٹائم اکانومی کے موضوع پر ایک مختصر پریزنٹیشن دی۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سید فیصل علی سبزواری نے وزارت بحری امور کے کردار اور افعال، تنظیمی ڈھانچے، بندرگاہوں کے آپریشنز، اہداف اور درپیش بڑے چیلنجز پر روشنی ڈالی اور فشریز، ایکوا کلچر، شپ بریکنگ، ٹرانس شپمنٹ، ساحلی سیاحت اور سمندری آلودگی اور ان شعبوں میں حکومت کی طرف سے کیے گئے حالیہ اقدامات کے بارے میں شرکا کو آگاہ کیا۔سیشن کے آخر میں انھوں نے کورس کے شرکا کے سوالات کے جوابات دیے۔ شرکاء میں قومی اور بین الاقوامی فوجی اور سول سروسزکے افسران شامل تھے۔ قبل ازیں یونیورسٹی پہنچنے پر وفاقی وزیر برائے بحری امور کا استقبال لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، ایچ آئی (ایم)، سربراہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی نے کیا ۔