ریاض (ڈیسک) سعودی عرب کی عدالت نے مملکت کے خلاف ٹوئٹس کرنے پر امریکی شہری کو 16 سال کے لیے جیل بھیج دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے سعودی نژاد امریکی شہری سعد ابراہیم المادی کو 16 سال قید کی سزا کے معاملے کو سعودی حکومت کے سامنے اٹھایا جارہا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم مسلسل شدت کے ساتھ اعلیٰ سعودی حکام کے ساتھ اس کیس پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں اور اس معاملے پر ریاض اور واشنگٹن کا اب بھی رابطہ ہے۔امریکی اخبار ”واشگنٹن پوسٹ“ کے مطابق فلوریڈا کے رہائشی المادی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ سعودی عرب گئے تھے جنہیں نومبر میں ائیرپورٹ پر گرفتار کیا گیا، ان پر 7 سال قبل سعودی عرب کے خلاف 14 ٹوئٹس کرنے کا الزام ہے۔ دوسری جانب المادی کے بیٹے کا کہنا ہےکہ ان کے 72 سالہ والد کو 3 اکتوبر کو 16 سال قید کی سزا سنائی گئی جس میں سزا مکمل ہونے کے بعد 16 سال کی سفری پابندی بھی شامل ہے۔