ریاض (ڈیسک) سعودی عرب کے وزیر برائے مواصلات و لاجسٹک خدمات صالح الجاسر اور وزیر تعلیم یوسف البنیان نے کنگ سعود یونیورسٹی ریاض میں ڈرائیور کے بغیر چلنے والی بس کا افتتاح کردیا۔
سعودی ذرائع ابلاغ نے وزارت مواصلات کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ آٹو ڈرائیونگ بس میں گیارہ نشستیں ہیں، ایک بار چارج ہونے کے بعد مسلسل چھ گھنٹے چل سکتی ہے اور اس کی رفتار فی گھنٹہ 30 کلو میٹر ہے۔
وزارت مواصلات نے کہا کہ کنگ سعود یونیورسٹی میں طلبہ، کارکنان اور ملاقاتیوں کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت ہوگی، یونیورسٹی ماحول دوست پالیسی پر گامزن ہے اس سروس کی بدولت کاربن کی آلودگی سے بھی محفوظ رہاجاسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ بس کا ڈیزائن اور تیاری کا کام سعودی عرب میں ہی ہوا ہے،یہ مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی، کیمروں اور سنسرز سے آراستہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بس کو جدید ترین ریموٹ سسٹم، روشنی اور لیزر کے ذریعے فاصلہ متعین کرنے والے نظام سے لیس کیا گیا ہے۔
