ریاض (ڈیسک)سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے مسافروں کے لیے بورڈنگ کارڈ کے اجرا کو توکلنا ایپ کی رپورٹ سے مشروط کیا ہے۔
شہری ہوابازی نے ایئرلائنز، سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی سمیت متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پروازوں اور ان کے مسافروں سے متعلق تمام کوائف جلد از جلد لنک کرلیں۔ توکلنا ایپ میں مسافروں کی پوزیشن ریکارڈ کی جائے۔ محکمہ شہری ہوابازی نے یہ ہدایت اس تناظر میں دی ہے کہ سرکاری اور نجی ادارے اب کسی بھی سعودی شہری یا مقیم غیرملکی سے کورونا وائرس کے حوالے سے دستاویزی ثبوت طلب کرنے کے بجائے توکلنا ایپ پر انحصار کررہے ہیں۔ ایئر لائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ بورڈنگ پاس صرف ان مسافروں کو جاری کیے جائیں جن کی صحت حالت توکلنا ایپ میں محصن (کورونا وائرس سے محفوظ) یا یہ امیدوار کورونا وائرس کا شکار نہیں ہوا تحریر ہوگا۔ یہ ریکارڈ 22 اپریل 2021 سے لیا جائے گا۔