جدہ(ڈیسک) جہاز رانی کا ڈیٹا تیاری کرنے والی معروف بین الاقوامی کمپنی الفا لائنر نے سعودی عرب کی کنگ عبداللہ پورٹ کو تیز رفتار ترقی کے حوالے سے دنیا کی دوسری بڑی بندرگاہ قرار دیا ہے۔
سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق بین الاقوامی کمپنی الفا لائنر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 2021 کے دوران کنگ عبداللہ پورٹ کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے جس کے باعث اسے دنیا کی دوسری بڑی بندرگاہ قرار دیا گیاہے۔ کمپنی نے کہا ہے کہ کنگ عبداللہ پورٹ پر جہازوں اور ان پر سامان لادنے اور اتارنے کے حوالے سے پیش رفت کی ہے۔ 2020 میں کنگ عبداللہ پورٹ 87 ویں نمبر پر تھی۔ 2021 میں ترقی کرکے 73 ویں درجے پر آئی۔الاقتصادیہ کے مطابق کنگ عبداللہ پورٹ نے پیداواری استعداد بڑھاتے ہوئے میکسیکو کی لازارو کیڈیناس کے بعد دوسرا درجہ حاصل کیا ہے۔الفا لائنر کی درجہ بندی سے قبل کنگ عبداللہ پورٹ بہترین کنٹینرز پورٹ ایوارڈ اور متعدد کارگو سٹیشن ایوارڈ حاصل کرچکی ہے۔