مکہ مکرمہ (ڈیسک) مشاعرمقدسہ (منیٰ، مزدلفہ اورعرفات) میں حجاج کرام کے استقبال کے لیے تیاریاں شروع کردی گئیں، منیٰ خیمہ بستی میں صفائی اورمرمت کے مختلف کام تیزی سے جاری ہیں۔
العربیہ نیوز کے مطابق حج خدمات فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے نگران نے بتایا کہ دنیا بھرسے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اس حوالے سے مشاعر مقدسہ میں عارضی خیمہ بستی میں پانی کا نیٹ ورک ، بجلی کی بحالی اورخیموں کی اصلاح ومرمت کے علاوہ دیگر کاموں کی انجام دہی کیلیے ذمہ دار کمپنیوں کی ٹیمیں تیزی سے کام کررہی ہیں۔
مشاعر مقدسہ میں حج خدمات فراہم کرنے والی کمپنیاں اوراداروں کی جانب سے خیموں کی صفائی اوران کی تقسیم شروع کردی ہے۔
مصطفی ہادی نے کہا کہ ابتدائی طورپرخیموں کی صفائی ، وہاں بجلی کی وائرنگ کے علاوہ بوڈرز کی تنصیب اورپلمبنگ کا کام شروع کیا گیا ہے۔
خیموں میں وضوخانے اورباتھ رومز کی بھی اصلاح ومرمت اوروہاں پانی کا نیٹ ورک بحال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیموں کی صفائی اوراصلاح ومرمت کا کام مکمل کرنے کے فوری بعد وہاں بستراورکارپیٹ پہنچائے جائیں گے، علاوہ ازیں حجاج کے کھانے کا بندوبست کرنے کیلیے بھی متعلقہ کمپنی کے نمائندے انتظامات کررہے ہیں۔
