You are currently viewing سعودی عرب، مسجد الحرام میں چینی زبان میں اسلامی اسباق کا آغاز

سعودی عرب، مسجد الحرام میں چینی زبان میں اسلامی اسباق کا آغاز

ریاض (ڈیسک) سعودی عرب نے مسجد الحرام میں چینی زبان میں اسلامی اسباق کا آغاز کر دیا۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنرل پریذیڈنسی شعبہ کے ڈائریکٹر صالح الرشیدی نے کہا کہ اسلامی اسباق اب 14 زبانوں انگریزی، اردو، فرانسیسی، ہاسا، ترک، مالائی، انڈونیشی، تامل، ہندی، بنگالی، فارسی، روسی،بورنیو اور چینی میں دستیاب ہیں، جس کی نگرانی مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے شعبہ ترجمہ نے کی۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد غیر عربی بولنے والوں کی مدد کرنا ہے جو مسجد الحرام میں ان کلاسوں میں شرکت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہر ماہ 7 ہزار سے زیادہ افراد یا تو اسباق کے بیک وقت ترجمے کے ذریعے یا جنرل پریذیڈنسی کے سوشل میڈیا پر شائع کردہ اقتباسات کے ذریعے خدمات حاصل کرتے ہیں۔
دریں اثنا حج و عمرہ کی وزارت نے حال ہی میں عازمین کو مناسک حج سے آگاہی کے لیے ایک مختصر فلم دی جرنی آف اے لائف ٹائم لانچ کی،سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے زیراہتمام یہ منصوبہ9 زبانوں عربی، انگریزی، اردو، فرانسیسی، بنگالی، فارسی، ہاسا، انڈونیشین اور ترکیہ میں دکھایا جائے گا، یہ فلم 800 سے زیادہ اداکاروں کے ساتھ 7 ہفتوں میں 14 سے زیادہ مقامات پر فلمائی گئی۔
سعودی حج خدمات کے نائب وزیر ہشام سعید نے کہا کہ سعودیہ کی جانب سے اس فلم کو ان فلائٹ تفریحی نظام پر بھی نشر کیا جائے گا جو ایئر لائن اور اوقاف کی جنرل اتھارٹی کے درمیان ایک معاہدے کا حصہ ہے، فلم میں عازمین کے گھر سے نکلنے کے وقت سے لے کر کی جانے والی تمام مناسک پر توجہ دی گئی ہے، مزید برآں حج اور عمرہ چینل حج و عمرہ کے لیے ایجوکیشنل گائیڈ پروگرام سمیت اضافی خصوصیات فراہم کرتا ہے جس میں گزشتہ سال شروع کیے گئے 13 گائیڈز شامل ہیں۔
یہ فلم عازمین حج کو رہنمائی فراہم کرے گی جس میں یوم عرفات، عید الاضحی، ایام تشریق، بھیڑ والے علاقے، جمرات کے پل کے کھلنے کے اوقات اور متعدد اسلامی مقامات شامل ہیں، اس میں جاری ترقیاتی منصوبوں، پروازوں کے اوقات اور الحرمین ایکسپریس ٹرین کا شیڈول بھی دکھایا گیا ہے جو مکہ، مدینہ اورجدہ کو آپس میں جوڑتی ہے۔