ریاض (ڈیسک) سعودی عرب اور امریکا کے خلا بازوں کو لے جانے والے کیپسول کا دروازہ کھول دیا گیا ہے اور وہ ڈاکنگ کے بعد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) میں داخل ہوگئے۔
عرب ٹی وی کے مطابق سعودی خاتون خلا باز اور سائنسدان ریانہ برناوی اور ان کے ساتھی علی القرنی نے دو امریکیوں کے ہمراہ اسپیس ایکس ڈریگن کیپسول کے ذریعے خلائی سفر مکمل کیا ہے، تاریخ میں پہلی دفعہ کوئی سعودی خاتون خلا ئی سفر میں روانہ ہوئی اور خلا تک پہنچی ہے۔
سعودی خلا باز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں داخل ہوئے جہاں پہلے سے وہاں موجود سات خلا بازوں) جن میں تین امریکی، تین روسی اور اماراتی ہیں) نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر سعودی خاتون خلا باز ریانہ برناوی نے کہا کہ ان کا خواب حقیقت بن گیا،ان کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں خلائی وژن کے علمبردار قائد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ہیں، خلائی اسٹیشن تک رسائی کا خواب قیادت کی سرپرستی کی بدولت ممکن ہوسکا۔
علی القرنی نے اس موقع پر سعودی قیادت، اہل خانہ اور اپنی اہلیہ کا مسلسل مدد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ لمحہ ہمیشہ کے لیے تاریخ کا حصہ بن گیا ہے۔
خلائی اسٹیشن پر آٹھ دن قیام کے دورن خلا باز 20 تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے، ان میں سعودی سائنسدانوں کے منصوبے بھی شامل ہیں۔