اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سستا پیٹرول پیکیج کا طریقہ کار فائنل کرلیا، جلد اعلان کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ڈیٹا استعمال کرکے مفت آٹے کی تقسیم کو یقینی بنایا۔
انہوں نے کہا کہ 74 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی طرز پر بلوچستان اور سندھ میں بھی جلد مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اب تک 42 لاکھ مفت آٹے کے تھیلے تقسیم ہوچکے ہیں، خیبر پختونخوا میں 1 دن میں 72 ہزار جبکہ اسلام آباد میں 20 ہزار آٹے کے تھیلے تقسیم کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشی مسائل کے باوجود عوام کی خدمت کےلیے کوشاں ہیں، مفت آٹا تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔