باغ (ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیرو گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارت جی۔ 20 کانفرنس کا ایک حصہ سری نگر منتقل کر کے حقائق مسخ کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کھلی جیل کی مانند ہے ،مودی حکومت فریب پر مبنی منظر نامے اور جھوٹا ڈرامہ کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے پست کرنا چاہتی ہے لیکن کشمیریوں کا جذبہ آزادی قائم و دائم ہے اور پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔
جی۔20اجلاس کے تناظرمیں دورہ باغ،آزاد کشمیر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ اقوام عالم نے اقوام متحدہ کے ذریعے حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا ہے۔ بھارت کے وزیراعظم پنڈٹ جواہر لعل نہرو نے بھی کشمیریوں کے ساتھ یہی وعدہ کیا تھا۔ اقوام متحدہ اور اقوام عالم درپیش مختلف امور پر جارحانہ حکمت عملی اختیار کرکے ان کو حل کرا لیتی ہیں تاہم اقوام عالم کا کشمیریوں کے ساتھ کیاگیا دیرینہ وعدہ ابھی تک وفا نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت مختلف ادوار میں مظلوم کشمیریوں کے خلاف مختلف ہتھکنڈے استعمال کرتی رہی ہے۔بھارت کشمیریوں کے خلاف ظلم و جبر ، تشدد ، قانونی کاروائیوں سمیت دیگر ہتھکنڈے استعمال کررہاہے جس کے ذریعے وہ کشمیر کی شناخت اور کشمیریوں کے جذنے کودبانا چاہتا ہے۔بھارت اس میں کبھی کامیاب ہوا ہے اور نہ ہی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پوری پاکستانی قوم ، بچہ بچہ اور ہر فرد سری نگر میں جی ۔20اجلاس کے انعقاد کے خلاف پہلے دن سے ہی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان نے دوست اور جی ۔20 کے ممبر ممالک سے رابطے کئے ، اس کے اثرات سامنے آئے ہیں۔ کچھ ممالک نے کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔ دیگر ممالک بھی نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم جی ۔20 کے سری نگر میں اجلاس کے انعقاد کے خلاف ہیں۔ یہ کشمیریوں کیساتھ جبر وزیادتی ہے۔
