کراچی (ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹم ساوتھی نے کہا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہماری جیت کے امکانات روشن تھے، سرفراز احمد اور نسیم شاہ کی کارکردگی کے باعث میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔
کیوی کپتان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کھیل کا بہت مزہ آیا، دوسرے ٹیسٹ میں دلچسپ مرحلے آئے، سرفراز احمد نے سیریز میں ہمارے لیے مشکلات پیدا کیں، نسیم شاہ کا کریز پر ٹھہر جانا میچ ڈرا ہونے کا باعث بنا۔
کپتان نے کہا کہ ہم نے نئی بال جان بوجھ کر نہیں لی، نئی بال سے رنز تیزی سے بننے کے امکانات تھے، جنوبی ایشیا میں کھیلنا ہمارے لیے بہت دلچسپ اور چیلنجنگ ہے، ہم نے اس خطے میں کھیل کر بہت کچھ سیکھا ہے۔ کھیل کو انجوائے بھی کیا۔
ٹم نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی سے بہت خوش ہیں، سیکیورٹی انتظامات بہترین ہیں، اب ساری توجہ ون ڈے سیریز پر دیں گے۔ پوری کوشش ہو گی کہ پاکستان پر فتح حاصل کریں۔
