اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اختر مینگل کی بڑی زوردار آواز ہے اور وہ پارلیمنٹ میں رہنی چاہیے، امید ہے اختر مینگل ہماری نظرثانی کی درخواست منظور کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اختر مینگل سے کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کا حصہ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ اختر مینگل نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کی بات کی ہے، اختر مینگل قانون اور آئین کے مطابق اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے اختر مینگل کے پاس ریویو پٹیشن دائر کردی ہے، اختر مینگل نے کہا ہے کہ ہماری ریویو پٹیشن پر غور کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اختر مینگل کی بڑی زوردار آواز ہے اور وہ پارلیمنٹ میں رہنی چاہیے، امید ہے اختر مینگل ہماری نظرثانی کی درخواست منظور کریں گے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اختر مینگل نے جن تحفظات کا اظہار کیا وہ امانت ہیں، اختر مینگل کے تحفظات متعلقہ حکام تک پہنچائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو گزارشات وزیراعظم سے کی ہیں وہ ان تک پہنچائیں گے، وزیراعظم تمام پارٹی لیڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد آگے بڑھیں گے۔
اس موقع پر خالد مگسی کا کہنا تھا کہ رانا صاحب نے جو پلان دیا ہے اس پر ہم سارے ساتھی متفق ہیں۔