اسلام آباد (ڈیسک) حکومت نے زیادہ سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کرنے کی کوششوں کو تیز کرتے ہوئے سالانہ 15کروڑ روپے کمانے والوں پر سپر ٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق آئندہ بجٹ میں 15کروڑ روپے یا اس سے زائد آمدن والے طبقات پر 1فیصد سپر ٹیکس عائد کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایک دوسری تجویز کے مطابق وہ افراد جن کی آمدن سالانہ 20کروڑ روپے یا اس سے زائد ہے ان پر 2فیصد سپر ٹیکس کا نفاذ ہو گا۔
تیسری کیٹیگری کے مطابق 25کروڑ وروپے سالانہ کمانے والوں سے ان کی آمدن کا 5فیصد ٹیکس کے طور پر وصول کیا جائے گا۔
جب کہ چوتھے سلیب میں وہ افراد یا کمپنیاں شامل ہیں جن کی آمدن سالانہ 30کروڑ روپے یا اس سے زائد ہے، ذرائع کے مطابق ان طبقات سےسپر ٹیکس کی مد میں 10فیصد ٹیکس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ آئندہ بجٹ میں جن شعبہ جات پر مزید ٹیکس لگائے جائیں گے ان میں کیمیکل، کھادیں، اسٹیل سیکٹر، سیمنٹ اور تعمیراتی شعبہ جات اور مختلف اقسام کے مشروبات شامل ہیں، یہ وہ سیکٹر ہیں جن پر سپر ٹیکس کے نفاذ کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
