اسلام آباد(ڈیسک): احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی تین نیب ریفرنسز کو یکجا کرنے کی درخواست مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے ۔
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے پاناما کیس میں نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز کو یکجا کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں عدالت عالیہ نے فیصلہ دیتے ہوئے احتساب عدالت کو نظر ثانی کا حکم دیا تھا تاہم احتساب عدالت نے سماعت کے بعد نوازشریف کی درخواست مسترد کردی تھی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نوازشریف کی درخواست مسترد کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا جو 9 صفحات پر مشتمل ہے۔
تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے اپنی آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے ریفرنسز یکجا کرنے کی استدعا کی، فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواست خارج کی، حکم نامے کے ذریعے ریفرنسز کر یکجا کرنے کی درخواست خارج کی جاتی ہے۔فیصلے میں مزید کہا گیاکہ تینوں ریفرنسز میں عائد کیے گئے الزامات مختلف ہیں اور تینوں ریفرنسز میں صرف دو گواہان مشترک ہیں۔واضح رہے کہ نیب نے شریف خاندان کے خلاف لندن پراپرٹیز، فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز کے تین ریفرنس دائر کیے ہیں جن میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم بھی عائد کی جاچکی ہے جب کہ پاناما کیس میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس بنایا گیا ہے۔
(این این آئی)