اسلام آباد (ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ تعلیم پاکستان کے لیے زندگی اورموت کامسئلہ ہے، دنیااتنی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے کہ اگر آج ہم نے تعلیم پر توجہ نہ دی تو ہم بہت پیچھے رہ جائیں گے۔
منگل کو عالمی یوم تعلیم کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے پاکستان اور دنیا بھر کے تمام اساتذہ، طلبا اور خاندانوں کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی بنیا دہے جو افراد اور قوموں کی ترقی کے لیے بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی زندگیوں کوبدلنے اور ایک پر امن اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لیے تعلیم ہی واحد طاقت ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر کی حیثیت سے مجھے یہ فخر محسوس ہوتا ہے کہ ہم نےگزشتہ برسوں کے دوران تعلیم تک رسائی بڑھانے کے لیے نمایاں پیشرفت کی ہے تاہم پاکستان میں ہر بچے کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیےابھی ہم نے بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔ انہوں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ تعلیم ہمارے ملک کے لیے زندگی اور موت کامسئلہ ہے۔ دنیا تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ اگر ہم نے تعلیم پر توجہ نہ دی تو ہم بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میں حکومت، نجی شعبے اور سول سوسائٹی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیتا ہوں کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھیں کہ پاکستان میں تعلیم تک ہر بچے کی رسائی ہو۔ بین الاقوامی یوم تعلیم کے موقع پر آئیے ہم اپنے آپ کو اس عظیم مقصد کے لیے وقف کریں اور سب کے لیے ایک روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم تعلیم منانا پاکستان میں سب کے لیے”معیاری تعلیم کے لیے ایک کال ٹو ایکشن “ہے۔