لاہور (ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان سیاستدان نہیں دہشت گرد ہے، زمان پارک دہشت گردوں کا مورچہ اور پیٹرول بموں کی لیبارٹری ہے، ریاست، عدلیہ اور پولیس کی رٹ چیلنج ہوگی تو ملک میں خانہ جنگی ہوگی۔
گذشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت دن رات عمران خان کا ڈالا ہوا معاشی گند صاف کر رہی ہے، حکومت نے عمران خان کے دستخط کردہ آئی ایم ایف پروگرام کی سخت شرائط پر دوبارہ بات چیت شروع کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان چار سال اس ملک پر مسلط رہا، اس نے سیاسی دہشت گرد بن کر اپنے سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں ڈالا، لوگوں کی بہنوں اور بیٹیوں کو گرفتار کروایا، ملکی معیشت کو تباہ کیا، عوام کو بے روزگار کیا، لوگوں کے منہ سے روٹی چھینی، آٹا، چینی، گیس، بجلی مہنگی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شخص اقتدار چھن جانے پر پاگل ہوچکا ہے، اگر ہم نے عمران خان کو گرفتار کرنا ہوتا تو ہمارے پاس اختیار بھی تھا، ریاستی طاقت بھی، ہم کب کے اسے گرفتار کر چکے ہوتے، اس شخص کو عدالت طلب کر رہی ہے اور یہ پیش نہیں ہو رہا، یہ شخص انتشار پیدا کرنا چاہتا ہے کیونکہ اس کے پاس توشہ خانہ، ٹیریان اور ممنوعہ فنڈنگ کیسز میں کوئی جواب نہیں اس لئے یہ ملک میں آگ لگانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان دہشت گرد ہے، یہ اپنے گھر کے اندر ہتھیار رکھ کر آئین کو روندتا اور قانون توڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست صرف حکومت نہیں، ریاست پارلیمان، عدلیہ اور حکومت کا نام ہے، ان تینوں ستونوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست کی رٹ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ساری قیادت آج بھی اپنے خلاف جھوٹے کیسز میں روزانہ کی بنیاد پر عدالتوں میں پیش ہوتی ہے، ہم نے کبھی جتھوں اور غنڈوں سے عدلیہ پر حملہ نہیں کیا، نواز شریف، شہباز شریف، خواجہ آصف، سلمان رفیق، مفتاح اسماعیل، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی بھی عدالتوں میں پیش ہوئے کبھی عدلیہ پر حملہ آور نہیں ہوئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان جھوٹا اور فراڈ ہے، یہ ٹیریان کا والد ہے اور اس نے اپنی بیٹی کو ڈیکلیئر نہیں کیا، اس کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لئے پولیس پر پٹرول بموں سے حملہ کرنا ایک مذاق اور تماشا ہے، عمران خان ہی بہتر جانتا ہے کہ پٹرول بم کس طرح بنتا ہے، دہشت گردی کی لیبارٹری زمان پارک میں ہی رہ جائے تو بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک غنڈہ اور دہشت گرد عدالت کی رٹ کو چیلنج کر رہا ہے، عدلیہ، حکومت اور پارلیمان کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست کی رٹ کی حفاظت کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دہشت گرد ہے، دہشت گردوں سے کوئی بات چیت نہیں ہوتی۔
