مکہ (ڈیسک) پاکستانی شو بز سے تعلق رکھنے والی زرنش خان نے حال ہی میں عمرہ کی سعادت حاصل کی۔
عمرے کی ادائیگی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے زرنش خان نے کہا کہ سنا ہی سنا تھا، اب آ کر دیکھ بھی لیا، واقعی ایسا منظر دنیا میں کہیں نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ اللہ کے گھر آ کر اندازہ ہوا ہے کہ ہم اپنے اصل راستے سے کس قدر دور ہو چکے ہیں، دنیا میں آنے کا کیا مقصد ہے، ہم بھٹک چکے ہیں اور ہم پر کیا فرائض ہیں سب بھول چکے ہیں، دنیا کی دوڑ میں ہی لگے ہوئے ہیں۔
زرنش خان نے پرائیویٹ پروڈکشن کے تحت بننے والے کئی سپر ہٹ ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے جس کے باعث چھوٹی عمر میں ہی شہرت کی دیوی ان پر مہربان ہو گئی۔
زرنش خان نے عمرہ ادائیگی کے دوران خانہ کعبہ کے سامنے اپنی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جب کہ اس سے پہلے کی اپنی تمام تصاویر ہٹا دی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ان کے فالورز نے زرنش خان کے لیے اپنی نیک تمنائوں کا کھل کے اظہار کیا ہے، انھوں نے عمرے کی مبارک باد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انھیں استقامت سے مالا مال کرے۔
