You are currently viewing ریل کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا ، وزارت ریلوے

ریل کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا ، وزارت ریلوے

لاہور (ڈیسک) وزارت ریلوے کا احسن اقدام، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں ہوش ربا اضافے کے باوجود کرایے بڑھانے کی سمری مسترد کر دی۔

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کرائے بڑھانے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین غریب کی سواری ہے، اسے مہنگائی کے اثرات سے بچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خود اپنے وسائل استعمال کرتے ہوئے پٹرولیم مصوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ اٹھائے گا۔
واضح رہے کہ ریلوے حکام نے ٹرینوں کے کرائے میں 5 تا 15 فی صد اضافے کی تجویز دی تھی، جس کے مطابق برانچ لائنوں پر اکانومی کلاس کے کرایوں میں 5 فی صد، مین لائنوں پر چلنے والی فاسٹ اور نان اسٹاپ ٹرینوں کے کرایوں میں 15 فی صد جب کہ مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فی صد اضافہ ہونا تھا۔ علاوہ ازیں لاہور اور راول پنڈی ریل کاروں کے کرایوں کے اے سی پارلر، اے سی بزنس کے کرایوں میں بھی 15 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا تھا، اور اس سلسلے میں سمری وزارت کو بھجوائی جا چکی تھی، تاہم وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سمری مسترد کرتے ہوئے کرایوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔