اسلام آباد(ڈیسک)رواں مالی سال کے دوران امریکا کو کی جانے والی قومی برآمدات میں 11.86 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں جولائی تا فروری 21-2020 کے دوران امریکا کو کی جانے والی برآمدات کی مالیت 3082.199 ملین ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری 20-2019 کے دوران امریکا کو کی جانے والی برآمدات سے 2755.188 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں امریکا کو کی جانے والی برآمدات میں 327.011 ملین ڈالر یعنی 11.86 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایس بی پی کے مطابق فروری 2020 کے مقابلہ میں فروری 2021 کے دوران امریکا کو کی جانے والی برآمدات میں 27.68 فیصد اضافہ سے برآمدات کی مالیت 314.802 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 401.949 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔ اسی طرح جنوری 2021 کے مقابلہ میں بھی فروری 2021 کے دوران بھی برآمدات میں 0.50 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور برآمدات کا حجم 399.931 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 401.949 ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔