You are currently viewing رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت 13 دسمبر تک ملتوی

رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت 13 دسمبر تک ملتوی

  • Post author:
  • Post category:سیاست
  • Post last modified:26/11/2021 15:23
  • Reading time:1 mins read

لاہور (ڈیسک)لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ( ن )کے صدر و سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف، ان کے بیٹے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت ملزمان کے وکیل کی عدم دستیابی پر 13 دسمبر تک ملتوی کردی۔

عدالت نے شہباز شریف کے وکیل کو آئندہ سماعت پر ہر صورت گواہان پر جرح کرنے کی ہدایت کردی۔احتساب عدالت نمبر پانچ کے جج محمد ساجد علی نے ریفرنس پر سماعت کی۔جمعہ کو سماعت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگوائی۔ شہباز شریف نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے وکیل امجد پرویزکی عدم دستیابی کے باعث اگلی سماعت کی تاریخ دے دیں جس پر عدالت کے جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیس مسلسل التوا میں جا رہا ہے، جب سے میں آیا ہوں کیس کی سماعت نہیں ہوئی۔آئندہ بغیر سماعت کے تاریخ نہیں دی جائے گی۔ عدالت نے کارروائی ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزمان، گواہان سمیت وکلا کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔احتساب عدالت میں دائر رمضان شوگر ملز ریفرنس میں سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف پر رمضان شوگر مل کے لیے سرکاری خزانے سے نالہ اور پل بنانے کا الزام ہے۔ ریفرنس کے مطابق سابق وزیراعلی نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سرکاری خزانے سے2015 میں 36 کروڑ روپے سے مقامی آبادیوں کے نام پر اپنے نجی ملکیتی رمضان شوگر ملز کیلئے نالہ تعمیر کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔اس کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔