لاہور (ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک پر جرمانہ عائد ہونے پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ہی وہ قانون کی حکمرانی ہے جو امیر قوموں کو غریب ملکوں سے ممتاز کرتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ خوش حال قوموں میں کوئی این آر او نہیں دیا جاتا، ان قوموں میں کوئی قبضہ گروپ نہیں ہوتا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ان ممالک میں طاقت ور کے بارے میں سچ بتانے پر حراست میں لے کر تشدد کا نشانہ نہیں بنایا جاتا، اس کی وجہ ان کا نظام عدل ہے جو سب کے لیے برابر ہے۔ ان کا نظام انصاف کمزوروں کی حفاظت کرتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کی بنیاد بھی انصاف ہی تھی، جو سب کے لیے برابر تھا۔
یاد رہے کہ حال ہی میں برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سوناک پر گاڑی میں سفر کے دوران سیٹ بیلٹ کھولنے پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا، رشی سوناک نے سوشل میڈیا پر وڈیو کلپ بنانے کے لیے مختصر وقت کے لیے اپنی سیٹ بیلٹ کھولی تھی، سوشل میڈیا پر ان کی وڈیو سامنے آنے کے بعد رشی سوناک نے اپنے اس عمل پر معافی مانگی لیکن برطانوی ٹریفک پولیس نے ان پر جرمانہ عائد کر دیا۔