لاہور (ڈیسک) رسیلے گیت گا کرلوگوں کے دلوں میں گھر کرنے والے عاطف اسلم 40برس کے ہو گئے۔
عاطف اسلم نے نہ صرف پاکستان میں اپنے آپ کو منوایا بلکہ پڑوسی ملک بھارت اور دنیا کے دیگر ممالک میں لاکھوں کی تعداد میں ان کے چاہنے والے موجود ہیں۔
ان کے گائے ہوئے گیت زبان زد عام ہیں ، مشہور گانوں میں تیرے بن، تیرے لئے،دل نہ جانے کیوں،تیرا ہونے لگا ہوں، تُو جانے نہ، دل دیاں گلاں شامل ہیں۔
عاطف 12مارچ 1983ء کو وزیر آباد میں پیدا ہوئے، بعد ازاں وہ 1995ء میں لاہور شفٹ ہو گئے۔
عاطف اسلم نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ پہلے وہ کرکٹر بننا چاہتے ہیں، پھر کالج کی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد انھیں گانے کا شوق چرایا، انھوں نے باقاعدہ بینڈ بنا کر گانا شروع کیا ۔
ان کا پہلا باقاعدہ گانا ’عادت‘ تھا جب کہ پہلی البم جس نے انھیں عوام میں متعارف کروایا وہ جل پری کے نام سے تھی۔
عاطف اسلم نے مشہور قوالی تاجدار حرم پر اپنے فن کا جادو جگایا ، ان کی گائی ہوئی اس قوالی نے بہت مقبولیت حاصل کی۔