You are currently viewing دہشتگردی کا ناسور دوبارہ سر اٹھارہا ہے، فوری اقدامات ضروری ہیں، وزیراعظم

دہشتگردی کا ناسور دوبارہ سر اٹھارہا ہے، فوری اقدامات ضروری ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد (ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا ناسور دوبارہ سر اٹھا رہا ہے اس کے سدباب کے لیے فی الفور مناسب اقدامات درکار ہیں۔
بدھ کو کابینہ اجلاس میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے، خیبرپختونخوا میں 10 سال پاکستان تحریک انصاف کی حکومت رہی لیکن انہوں نے خیبرپختونخوا کے عوام کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پرچھوڑ دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2010 میں وفاق اور صوبو ں کے درمیان وسائل کی تقسیم سے قبل کل وسائل کا ایک فیصدخیبرپختونخوا کو دیا گیا،یہ آج تک دیا جارہا ہے جو417 ارب روپے اب تک بنتے ہیں ، یہ این ایف سی ایوارڈ کے علاوہ صوبے کو دیئے جاچکے ہیں ، یہ ان کا حق تھا اورجو جغرافیائی صورتحال اور ان کی قربانیاں تھیں تاکہ صوبے میں دہشت گردی کے خلاف فورسزکی استعداد کارمیں اضافہ کیا جاسکے اور انہیں جدید آلات سے آراستہ کیاجاسکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خدا جانے یہ بڑی رقم کہاں خرچ ہوئی ، 10 سال پی ٹی آئی کی حکومت رہی ، کسی اور صوبے کو اس طرح اضافی رقم نہیں ملی، اس کا حساب لینا ہمارا حق ہے، صوبہ خیبرپختونخوا کو 40 ارب روپے سالانہ ملتے رہے ، ہم الزام تراشی نہیں بلکہ حقائق کی بنیاد پر بات کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگرہم نے فوری طور پر مناسب اقدامات نہ کیے تو دہشت گردی کا ناسور دوبارہ پھیل جائے گا، ہم اس پر ضرور اجتماعی بصیرت اور کاوشوں سے کنٹرول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ دہشت گردوں کو واپس کون لایا ؟۔ پوری قوم اشکبار ہے اور پوچھ رہی ہے کہ دوبارہ دہشت گردی نے کیوں سر اٹھالیا؟۔ اس حساسیت سے کابینہ کے اراکین خبردار کرتے رہے ، یہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے اس کی تحقیقات کرنا ہوں گی، یہ کس کا بیانیہ تھا کہ انہیں مرکزی دہارے میں لانے سے یہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے، قوم اس کا جواب مانگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس کا ایجنڈا یہی ہے، کابینہ کے اراکین اس پر غور کریں۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.