لاہور( ڈیسک): پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ وسابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ دھاندلی کا سوچنے والے یہ ذہن سے نکال دیں کہ اب مینڈیٹ چوری کر سکیں گے،میں اور بلاول بھٹو ہر حلقے میں خود جائیں گے۔
بلاول ہاؤس لاہور میں فیصل آباد ڈویژن کے ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف نے ملکی معیشت تباہ کر دی،زرعی شعبے کو (ن) لیگ کی حکومت نے کہیں کا نہیں چھوڑا ۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست میں طوفان بدتمیزی برپا ہے،ہم عوام کی سیاست کرتے ہیں اورمنشور کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں ہمارے ہاتھ بندھے تھے،گزشتہ انتخابات میں مجھے ایوان صدر سے نہیں نکلنے دیا گیا تھا،یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کو اغوا ء کر لیا گیا تھابلاول بھٹو بھی اپنی تعلیم کی وجہ سے انتخابی مہم کی قیادت نہیں کر سکے تھے۔اب بلاول بھٹو انتخابی مہم کی قیادت کریں گے،میں خود انتخابی عمل کی نگرانی کروں گا۔
سابق صدر نے کہا کہ دھاندلی کا سوچنے والے اب ذہن نکال سے دیں کہ مینڈیٹ چوری کر سکیں گے،میں اور بلاول بھٹو ہر حلقے میں خود جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملکی معیشت تباہ کر دی،فیصل آباد کی ٹیکسٹائل کی صنعت کی کمر توڑ کر رکھ دی گئی ہے ،زرعی شعبے کو حکومت نے کہیں کا نہیں چھوڑا،ہم اقتدار میں آکر ٹیکسٹائیل کی صنعت کو بحال کریں گے،ہماری حکومت کسانوں اور زرعی شعبوں کودوبارہ پاؤں پر کھڑا کرے گی۔
(این این آئی )