کراچی (ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ نے اب سے کچھ دیر پہلے تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنا لیے ۔
پاکستان کی جانب سے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، نعمان علی اور وسیم جونیئر کو میچ سے ڈراپ کیا گیا ہے ان کی جگہ نسیم شاہ اور حسن علی کو موقع دیا گیا ہے۔
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کے شائقین کے لیے زبردست پیش کش کی ہے، ہر شہری کو میچ سے براہ راست لطف اٹھانے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ پی سی بی کے فیصلے کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے عوام کا داخلہ مفت کر دیا گیا ہے۔
شناختی کارڈ یا ب فارم دکھا کر کرکٹ کے شوقین اسٹیڈیم میں انٹری کر سکیں گے۔ عوام کو اسٹیڈیم تک پہنچانے کے لیے شٹل سروس بھی چلائی گئی ہے۔
اس موقع پر عوام کو انتباہ کیا گیا ہے کہ اسٹیڈیم میں کھانے پینے کی اشیا، شیشے یا پلاسٹک کی بوتلیں، پاکستانی اور نیوزی لینڈ کے پرچم کے علاوہ دیگر اشیا لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسرے ٹیسٹ میں قومی کرکٹ ٹیم عبداللّٰہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم (کپتان)، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان آغا، حسن علی، نسیم شاہ، میر حمزہ اور ابرار احمد پر مشتمل ہے جب کہ
نیوزی لینڈ ٹیم میں ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ہنری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، ٹِم ساؤتھی (کپتان)، اش سودھی، میٹ ہنری اور اعجاز پٹیل شامل ہیں۔
