پشاور (ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم لوگ جب بیرون ملک مختلف ممالک کے دوروں پر جاتے ہیں تو بظاہر ہمارا استقبال کیا جاتا ہے مگر ان کے چہرے کچھ اور ہی کہہ رہے ہوتے ہیں، جس کا مطلب ہوتا ہے کہ ہم سے پیسے مانگنے کے لیے آ گئے ۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پشاور میں فاٹا یونیورسٹی کے فیز ون کے افتتاح کیا اور طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔
بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھکاری پن کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ لیپ ٹاپ پورے پاکستان میں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے جا رہے ہیں، مجھے خوشی ہے کہ خیبرپختونخوا نے پاکستان کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک رونے دھونے سے نہیں بلکہ محنت اور جدوجہد سے خوشحال ہوتے ہیں، آئی ایم ایف کا پروگرام خوشی سے نہیں مجبوری سے قبول کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم میں صرف ایک چیز کی کمی ہے اور وہ ہے ’ول ٹو ڈو‘۔ہمسایہ اگر ہم سے آگے نکل گیا ہے تو قصور ہمارا ہے، نوے کی دہائی میں پاکستانی روپیہ بھارتی روپے سے زیادہ تھا، ملک صرف محنت اور مسلسل جدوجہد کی وجہ سے کامیاب ہوتے ہیں، سب متحد ہو کر کام کریں گے تو پاکستان خوشحال ہو گا۔