You are currently viewing دنیا میں ایک ارب سے زائد نوجوانوں کے بہرے ہونے کا خطرہ

دنیا میں ایک ارب سے زائد نوجوانوں کے بہرے ہونے کا خطرہ

کراچی (ڈیسک) اسمارٹ فونز کے ساتھ ائیر یا ہیڈ فونز کے استعمال کے نتیجے میں ایک ارب سے زائد نوجوانوں کے قوت سماعت سے محرومی کے خطرہ ہے۔ یہ انتباہ ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا۔جرنل بی ایم جے گلوبل ہیلتھ میں شائع تحقیق میں اندازہ لگایا گیا کہ 12 سے 34 سال کے 24 فیصد افراد ہیڈ فونز، ائیر فونز، ائیر بڈز یا مختلف جگہوں پر موسیقی کو غیرمحفوظ والیوم لیول پر سنتے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ محض ایک بار بھی غیرمحفوظ والیوم لیول پر موسیقی سننے سے قوت سماعت کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ ایسا بار بار کرنے سے سماعت میں تبدیلیاں آنے لگتی ہیں۔ محققین کے مطابق اس عادت کے باعث وقت گزرنے کے ساتھ قوت سماعت سے محرومی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ تحقیق کے دوران دنیا بھر میں موسیقی سننے کی عادت کا جائزہ لیا گیا۔ ایسی 33 تحقیقی رپورٹس میں 18 ہزار سے زیادہ افراد کو شامل کیا گیا تھا۔محققین کے مطابق 23 فیصد بالغ افراد اور 27 فیصد نوجوان ڈیوائسز سے غیرمحفوظ والیوم لیول پر موسیقی سنتے ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق 67 کروڑ سے ایک ارب 35 کروڑ افراد کو آنے والے برسوں میں قوت سماعت سے محرومی کے خطرے کا سامنا ہوسکتا ہے۔تحقیق میں دنیا بھر کی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر اس حوالے سے پالیسیوں پر عملدرآمد کیا جائے۔