جنیوا (ڈیسک)عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہیکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں ہفتے کے دوران 12 فیصد کمی ہوئی ہے،ایک ہفتے کے دوران 35 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 12 ہزار افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
روسی خبر رساں ادارے نے عالمی ادارہ صحت کے ہفتے کے بلیٹن کے حوالے سے بتایا کہ مارچ کے آخر سے کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات میں کمی ہوئی ہے، اس طرح 2 تا 8 مئی کے دوران گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں بالترتیب 12 فیصدسے 25 فیصد کمی ہوئی ہے۔ گزشتہ ہفتے (25 اپریل تایکم مئی) کے مقابلے میں کیسز کی تعداد میں سب سے نمایاں کمی جنوب مشرقی ایشیا 29 فیصد، مشرقی بحیرہ روم 28 فیصد اور یورپ میں 26 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔امریکا میں ایک ہفتے کے دوران سب سے زیادہ 4 لاکھ 51 ہزار 414 کیسز رپورٹ ہوئے،آسٹریلیا میں 4 لاکھ 31 ہزار 410، جرمنی میں 4 لاکھ 27 ہزار 44، اٹلی میں 3 لاکھ 4 ہزار 573 اور جنوبی کوریا میں 2 لاکھ 68 ہزار 749 کیس رپورٹ ہوئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا ایک ہفتے کے دوران کورونا وائرس سے 2 ہزار 652 اموات کے ساتھ پہلے، روس 915 اموات کے ساتھ دوسرے، اٹلی 910 کے ساتھ تیسرے، فرانس 732 کے ساتھ چوتھے اور برازیل 681 اموات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔