دبئی (اے پی پی) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں 3 دن کے لیے بگ سیل کا اعلان کیا گیا ہے، جمعہ 27 سے اتوار 29 مئی 2022 تک شاپنگ سینٹرز اور تجارتی مراکز میں غیرمعمولی رعایت پر خریداری کی جا سکے گی۔
الامارات الیوم نے ریٹیل اور فیسٹول کے ادارے کے حوالے سے بتایا کہ دبئی کے باشندوں اور سیاحوں کوعالمی تجارتی برانڈز کی اشیا سستے داموں دستیاب ہوں گی، اس میں 90 فیصد تک رعایت ملے گی۔ دبئی کے تجارتی مراکز اور بازاروں نے تین روزہ بگ سیل کے دوران مختلف قسم کی رعایتیں دینے کا عندیہ دیا ہے، صارفین کو خریدے ہوئے سامان کی قیمت واپس ہوسکتی ہے، مختلف انعامات بھی اس حوالے سے دیے جائیں گے، ملکی اور بین الاقوامی برانڈز کے ملبوسات، خوشبویات اور مختلف اشیا بہت کم نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ فیشن کی دنیا کے شائقین اس رعایت سے بھرپور فائدہ اٹھاسکتے ہیں، الیکٹرانک آئٹمز پر بھی رعایت ہوگی، بعض تجارتی مراکز نے 25 سے 50 فیصد، دیگر نے 25سے 35 فیصد جبکہ اکثر نے 25 سے 75 فیصد اور 90 فیصد تک رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایک ہزار 400 درہم یا اس سے زیادہ کا سامان خریدنے پر خصوصی رعایت ہوگی۔