You are currently viewing خیبرپختونخوا: ایم ڈی کیٹ کا پرچہ دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل

خیبرپختونخوا: ایم ڈی کیٹ کا پرچہ دوبارہ سوشل میڈیا پر وائرل

پشاور (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا میں میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لیے اتوار کو دوبارہ منعقد ہونے والا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پیپر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
ایم ڈی کیٹ کا پچھلا ٹیسٹ بلوٹوتھ اسکینڈل کے باعث منسوخ قرار دیا گیا تھا جس کے بعد دوبارہ ٹیسٹ منعقد کرانے کی ذمہ داری ایٹا سے لیکر خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی سپرد کی گئی تھی۔
گذشتہ روز ہونے والے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں امتحانی مراکز پر تعینات اسٹاف سمیت سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو بھی موبائل رکھنے کی اجازت نہیں تھی اس کے باوجود پیپر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر ضیاالحق کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کے دوران پیپر لیک نہیں ہوا، ٹیسٹ کے بعد پرچہ پبلک ڈاکیومنٹ بن جاتا ہے، ممکن ہے ٹیسٹ کے بعد کسی نے تصویر وائرل کردی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ شفاف ہوا ہےاور کسی نے گھر میں بیڈ شیٹ پر رکھ کر پیپر کی تصویر لی ہے۔
یاد رہے کہ ایم ڈی کیٹ کے پہلے ٹیسٹ کے نتائج منسوخ ہونے کے بعد صوبے بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے اتوار کو ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں 46 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے حصہ لیا تھا۔
چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے صوبہ بھر میں 11 مراکز بنا کر نگرانی کی ذمہ داریاں 11 انتظامی سیکریٹریز کو سونپی گئی تھیں۔
ٹیسٹ کے دوران امتحانی مراکز میں الیکٹرانک آلات کے استعمال پر پابندی کے علاوہ امتحانی مواد کی ترسیل کے وقت ہر گاڑی کے ساتھ 10 پولیس اہلکار مامور تھے جبکہ امتحانی مراکز پر موبائل فون سگنلز کو روکنے کے لیے جیمرز بھی لگائے گئے تھے۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7