کراچی (ڈیسک) پاکستانی شوبز سے تعلق رکھنے والی خوبرو اور نوجوان اداکارہ نازش جہانگیر نے کہا ہے میرا مشاہدہ ہے کہ خواتین کے حقوق پر چلنے والی تحریکوں سے طلاق اور خلع جیسے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمیں صنفی امتیاز پر خاصا کام کرنے کی ضرورت ہے تا کہ معاشرے میں بہت زیادہ بڑھتی ہوئی بے راہ روی کو کم کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں صرف عورت کے ساتھ نہیں بلکہ مرد کے حقوق کے لیے بھی میری آواز بلند ہو گی کیوں کہ عورت ہو یا مرد ، وہ کسی نہ کسی ماں باپ کا بیٹا اور بیٹی ہی ہیں۔ زیادتی کسی کے ساتھ بھی ہو غلط ہے۔
نازش جہانگیر نے کہا کہ میرا یہ کہنا ہے کہ ہر رونے والی عورت سچی نہیں ہوتی ، دونوں فریقین کو جاننا چاہئے، پھر سچ کا ساتھ دینا چاہیے۔ نازش نے کہا کہ مجھے ناانصافی پر مبنی فیمینزم پر یقین نہیں ، سڑک پر عورت مارچ کرنا بھی فیمینزم نہیں ، اس سے خواتین کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کوئی کمی نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ جن خواتین کے مسائل کے لیے یہ مارچ کیے جاتے ہیں انہیں تو اس کا علم بھی نہیں ہو پاتا، وہ اب بھی گاؤں میں بیٹھی کھانا بنا رہی ہوں گی، جبکہ جو خواتین عورت مارچ نکالتی ہیں انہیں اپنے حقوق کے بارے میں سب پتہ ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ عورت مارچ کے رجحان میں اضافے سے خلع اور طلاق کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے ۔