You are currently viewing خام مال اور مشینری درآمد پر ڈیوٹی ختم، سولر پینل سستے ہوجائیں گے

خام مال اور مشینری درآمد پر ڈیوٹی ختم، سولر پینل سستے ہوجائیں گے

اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی کابینہ نے فنانس بل 24-2023 کے مطابق سولر پینل کی مینو فیکچرنگ کے خام مال اور سولر پینل کی مشینری کی درآمد پر ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فنانس بل کے اہم نکات کے مطابق وفاقی کابینہ نے سولر پینل کی مینوفیکچرنگ کے خام مال پر کسٹمز ڈیوٹی ختم کر دی ہے۔
سولر پینل کی بیٹریز کی تیاری کے خام مال پر بھی کسٹمز ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے جبکہ سولر پینل کی مشینری کی درآمد اور سولر پینل کے انورٹر کے خام مال پر بھی ڈیوٹی ختم کردی گئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے باعث سولر پینل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں فنانس بل میں ڈائپرز کی مینوفیکچرنگ کے خام مال کی درآمد پر بھی ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے اور تمام ضروری اشیاء کی درآمد پر ٹیکس میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فنانس بل کے مطابق ملک میں تھنر کی مینوفیکچرنگ کے لیے متعلقہ خام مال پر ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے جبکہ پولی ایسٹر کی مینوفیکچرنگ کے لیے مختلف خام مال پر ڈیوٹی کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فنانس بل کے مطابق معدنیات کے شعبے کی مشینری امپورٹ کرنے پر ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ٹیکسٹائل کے شعبے کے رنگ اور دیگر متعلقہ خام مال پر بھی کسٹمز ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے۔
آئی ٹی سے متعلقہ سامان پر ڈیوٹی فری درآمد کی اجازت کی منظوری دی گئی ہے جبکہ کھانے پینے کے سامان میں ذائقہ دار پاوڈر کی درآمد پر عائد ڈیوٹی میں رعایت دی گئی ہے اور رائس ملز کی مشینری کی درآمد پر بھی ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7