You are currently viewing خاتون جج دھمکی کیس، چیئرمین پی ٹی آئی اور ضامن کو طلب کرلیا گیا

خاتون جج دھمکی کیس، چیئرمین پی ٹی آئی اور ضامن کو طلب کرلیا گیا

اسلام آباد (ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں خاتون جج دھمکی کیس میں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 6 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے مچلکے جمع کروانے والے شخص کو بھی شوکاز نوٹس جاری کرکے طلب کرلیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست استثنیٰ پر جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے 4 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
عدالت نے ایس ایس پی سکیورٹی سے کچہری کی سکیورٹی رپورٹ طلب کرلی۔
فیصلے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کے قابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل ہوگئی، عدالتی عملے کے مطابق چوہدری زبیر نامی شخص نے چیئرمین پی ٹی آئی کے 20 ہزار روپے ضمانتی مچلکے جمع کروائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی 23مارچ، 29مارچ، 28اپریل اور 25مئی کو درخواست استثنیٰ مسترد ہوئی۔
فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو آج حاضری سے استثنیٰ دینے کاگرائونڈ موجود نہیں، تھانہ مارگلہ کی درخواست ضمانت کے لیے چیف کمشنر نے عدالت جوڈیشل کمپلیکس منتقل کی۔
فیصلہ کے مطابق ملزم کے وکیل نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی تسلی بخش سکیورٹی کے تحت ٹرائل کورٹ آنے کو تیار ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی جوڈیشل کمپلیکس بھی پیش ہوئے۔
عدالتی فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی سکیورٹی سے چیئرمین پی ٹی آئی کی ٹرائل کورٹ پیشی کے لیے سکیورٹی رپورٹ طلب کرنا ضروری ہے۔
ایس ایس پی سکیورٹی کو کچہری میں سکیورٹی کی رپورٹ جمع کروانے کے لیے نوٹس جاری کیا جاتاہے۔
فیصلے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نہ ہی ان کے مچلکے جمع کروانے والا چوہدری زبیر عدالت پیش ہوا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور مچلکے جمع کروانے والا شخص 6 جولائی کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7