اسلام آباد (ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف 18 ویں ترمیم کو ختم کرنے کی کسی بھی تجویز پر غور نہیں کر رہی ہے ۔
انہوں نے بدھ کو نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت صوبوں کوزیادہ سے زیادہ بااختیار بنانے کے لئے بہت سے اقدامات کر ر ہی ہے اور 18 ویں ترمیم ختم کرنے کی کسی بھی تجویز پر غور نہیں کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف طویل جدوجہد کے بعد اقتدار میں آئی ہے اور کسی سے ڈکٹیشن لئے بغیر اپنے فیصلے خود کر رہی ہے ۔ درانی نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں ٹی آئی نے اپنے گذشتہ دور حکومت میں مقامی حکومتوں کے نظام کے ذریعے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے اور اس طرح عوام کے مسائل انکی دہلیزوں پر حل کئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صوبوں کو بااختیار بنانا چاہتی ہے اور ہم صوبوں کے مقررہ اور اعلان شدہ حصہ کے مطابق این ایف سی ایوارڈ کا اعلان کریں گے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی نے مزید کہا کہ اگلے چند مہینوں میں تمام سیاستدانوں سمیت پور ی قوم تیزی سے ترقیاتی سرگرمیاں، اقتصادی خوشحالی اور پاکستان میں آنے والی بھاری غیر ملکی سرمایہ کاری دیکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ( ن) نے اپنے گذشتہ ادوار حکومت میں نظام کو دھارے میں لانے پرتوجہ نہیں دی 160۔160160انہوں نے کہا کہ عمران خان کی متحرک قیادت کے تحت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صوبوں اور ملک کے غریب افراد کے مسائل حل کرنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ درانی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں اپنی گذشتہ حکومت کے دوران عوامی خدمت کی مثال قائم کی جہاں پرلوگوں کو معیار ی تعلیم اور صحت کے نظام کی فراہمی کو یقینی بنانے کے علاوہ پولیس کو غیر سیاسی بنانے کے اقدامات کیے گئے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ ملک بھر میں ہر سطح پر میرٹ کی بنیاد پر نظام کو یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما کا خواب مستقبل قریب میں پورا ہو جائے گا۔