You are currently viewing حکومت نیب کو مضبوط بنانے کیلئے نیب قانون میں ترمیم کرنے کے لئے تیار ہے ،عثمان ڈار

حکومت نیب کو مضبوط بنانے کیلئے نیب قانون میں ترمیم کرنے کے لئے تیار ہے ،عثمان ڈار

اسلام آباد (ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قومی احتساب بیورو (نیب) کو مضبوط اور آزاد بنانے کی حامی ہے تاکہ ہر بدعنوان شخص کے احتساب کو یقینی بنایا جاسکے ۔

 نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ حکومت تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے نیب قانون میں ترمیم کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ اسے کرپشن کے خلاف کارروائی کے لئے مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران نیب کے سرکاری معاملات میں کسی قسم کی کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جائیدادیں، زرعی اراضی اور دیگر امور ابھی تک مینوئل ہیں جس کی وجہ سے نیب کو بدعنوانی کے مقدمات کی تحقیقات میں زیادہ وقت لگ رہا ہے۔ شریف فیملی کے خلاف مقدمات کے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی طرف سے کوئی سیاسی انتقامی کارروائی نہیں کی جا رہی بلکہ شریف فیملی کے خلاف تمام مقدمات گزشتہ دور حکومت میں شروع کئے گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کے خلاف بھی منی لانڈرنگ کا مقدمہ اس وقت شروع ہوا جب وہ گزشتہ حکومت میں وزیر تھے۔ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تقرری کے حوالہ سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے شخص کی بڑی اہم آسامی پر تقرری کے حق میں نہیں ہے جو کہ نیب میں بدعنوانی کے مقدمات کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہباز شریف کے علاوہ اپوزیشن سے کسی کو بھی چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی مقرر کرنے پر غور کر سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عوام پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ ہیں اور انہوں نے ملک میں احتساب کے جاری عمل کی حمایت کی ہے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.