اسلام آباد (ڈیسک) نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ حکومت نہ صرف معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے پوری توانائیاں صرف کر رہی ہے بلکہ ٹیکس نیٹ بڑھانے اور توانائی کے مسائل حل کرنے کا عزم کیے ہوئے ہے۔
اتوار کو وزارت خزانہ کے آفیشل ایکس اکائونٹ سے جاری ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ معیشت کی خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے حکومتی ملکیتی اداروں کی شفافیت اور گورننس میں بہتری ضروری ہے۔
کراچی میں نگراں وزیر خزانہ سے پی بی سی کے وفد نے ملاقات کی جس میں وفد کی جانب سے نگراں حکومت کی طرف سے اسمگلنگ کی روک تھام، ایکسچینج کو درست سمت لانے اور عالمی مالیاتی فنڈ کی معاونت کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کوسراہا۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ مضبوط معیشت کے لئے حکومت ٹیکس بیس کو بڑھانے اور توانائی کے شعبہ سے متعلق مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے ریاستی ملکیتی اداروں میں شفافیت اور گورننس کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے معاشی خوشحالی ممکن ہے ۔