You are currently viewing حکومت آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر قانون سازی کی ٹھیکے دار نہ بنے، ترجمان (ن) لیگ

حکومت آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر قانون سازی کی ٹھیکے دار نہ بنے، ترجمان (ن) لیگ

لاہور (ڈیسک) رہنما (ن) لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر قانون سازی کی ٹھیکے دار نہ بنے، سپریم کورٹ نے پارلیمان کو قانون سازی کے لیے کہا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں رہنما (ن) لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے جمہوریت کی حکمرانی اور قانون کی بالادستی کے لیے پاکستان بنایا، قائد کا پاکستان امانت کے طور پر نوازشریف کو ملا، نوازشریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور سی پیک دیا جسے اب تالا لگ چکا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کنٹینر پر ملک بند کرنے والوں کی دھمکیاں دینے والوں نے سچ مچ پاکستان بند کر دیا، سی پیک لانا اختیارات سے تجاوز ہے تو ایسا کرتے رہیں گے، نارووال میں اسپورٹس اسٹی بنانے پر احسن اقبال کو سزا دی جا رہی ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے رانا ثناء اللہ پر جھوٹے الزام لگائے وہ اپنا قلمدان واپس کریں، ثبوت پیش کرنے کا وقت آیا تو رہنماؤں کو ضمانت مل گئی، دوبارہ سے گرفتاریوں کا تسلسل جاری ہے، ن لیگ کسی دباؤ کا شکار نہیں ہو گی جب کہ سلیکٹڈ کی چھٹی ہونے والی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز اپنے والد کی تیمارداری کے لیے جانا چاہتی ہیں، مریم نواز کو روکنے کے لیے کابینہ کا اجلاس ہوتا ہے تاہم  مہنگائی، لوڈشیڈنگ کے خلاف کابینہ کا اجلاس نہیں ہوتا، امید ہے مریم نواز کو انصاف ضرور ملے گا۔

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ 2018ء میں بھی پرچی صرف ن لیگ کی تھی لیکن آر ٹی ایس بیٹھ گیا، عمران خان نے لوگوں کو 50 لاکھ گھر دینے تھے، لوگوں سے گھروں کے کرائے بھی نہیں دیے جا رہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ملک اور قوم کے محافظ ہیں، حکومت آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر قانون سازی کی ٹھیکے دار نہ بنے، سپریم کورٹ نے پارلیمان کو قانون سازی کے لیے کہا ہے۔

 

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.