You are currently viewing حکومت، پی ٹی آئی ممکنہ مذاکرات: عمران خان کو پارلیمنٹ میں بلایا جا سکتا ہے

حکومت، پی ٹی آئی ممکنہ مذاکرات: عمران خان کو پارلیمنٹ میں بلایا جا سکتا ہے

اسلام آباد (ڈیسک) حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی فضا بنتی نظر آ رہی ہے، دونوں پارٹیوں کے درمیان پیش رفت کی صورت میں پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کو پارلیمنٹ میں آنے کی دعوت دی جائے گی ، پارلیمنٹ ہی وہ واحد پلیٹ فارم ہے جہاں مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے تاکہ سیاست میں ڈیڈ لاک کی صورت حال سے ملک کو نکالا جا سکے اور ملک سیاسی اور معاشی طور پر مضبوطی کی جانب گامزن ہو سکے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے آصف زرداری اور وزیر خزانہ اسحق ڈار کا کردار اہم سمجھا جا رہا ہے جب کہ صدر مملکت عارف علوی کو دونوں اطراف کے درمیان رابطے کے لیے استعمال کیے جانے کا امکان ہے۔
صدر ہی وہ شخصیت ہیں جن کے رابطے حکومت اور تحریک انصاف دونوں سے ہیں اور وہ ان کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ مذاکرات کا اشارہ ملتے ہی وزیر خزانہ اور صدر مملکت کی ملاقات متوقع ہے جس میں عمران خان کو غیر مشروط مذاکرات اور انتخابات کے فوری انعقاد کے مطالبے میں نرمی برتنے کا پیغام پہنچایا جائے گا۔ حکومت کی اتحادی جماعتوں کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات بغیر کسی شرط کی بنیاد پر ہی ہو سکتے ہیں۔