اسلام آباد (ڈیسک) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر30 جنوری کو جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گی۔
یہ بات دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعرات کو پریس بریفنگ کے دوران بتائی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت انسانی حقوق کونسل میں یونیورسل پیریاڈک ریویو کے عمل کے تحت پاکستان کی قومی ترقی کی رپورٹ پیش کریں گی، یہ پاکستان کا چوتھا جائزہ ہوگا، اس سے قبل 2008، 2012 اور 2017 میں اس عمل کے تحت پاکستان کا جائزہ لیا جاچکا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیر مملکت اپنی پریزنٹیشن میں پاکستان کی جانب سے گزشتہ پانچ برس میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کئے گئے قانونی، پالیسی، انتظامی اور ادارہ جاتی اقدامات کا خاکہ پیش کریں گی، اس کے علاوہ وہ عالمی انسانی حقوق کے حوالے سے پاکستان کی اہم شراکت کو بھی اجاگر کریں گی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ یونیورسل پیریاڈک ریویو 2007 میں قائم کیا گیا جو انسانی حقوق کونسل کا ایک اہم طریقہ کار ہے جس کے تحت اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کے انسانی حقوق کے ریکارڈ کا ہر چار سے پانچ سال بعد جائزہ لیا جاتا ہے۔
