You are currently viewing حفاظی ضمانت کیلئے دائر کاغذات پر عمران کے مختلف دستخط، عدالت نے جواب طلب کرلیا

حفاظی ضمانت کیلئے دائر کاغذات پر عمران کے مختلف دستخط، عدالت نے جواب طلب کرلیا

لاہور (ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت کے لیے جمع کرائے گئے حلف نامے اور وکالت نامے پر عمران خان کےمختلف دستخط کا نوٹس لے لیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حفاظتی ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس طارق سلیم نے عمران خان کے وکیل اظہر صدیق سے مکالمہ کیا کہ ابھی ایک مسئلہ ہے، درخواست، حلف نامے اورآپ کے وکالت نامے پر عمران خان کے دستخط مختلف ہیں، دستخط کیسے مختلف ہوگئے؟۔ عدالت نے کہا کہ آپ ابھی دیکھ لیں، کسی نے یہ فراڈکی کوشش کی ہے، اس میں آپ کویا عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس دوں گا۔ عدالت کے استفسار پر وکیل نے کہا کہ مجھے وقت دیں، دیکھ لیتا ہوں، عدالت نے عمران خان کے وکیل کی درخواست واپس لینے کی استدعا رد کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ درخواست واپس لینےکی اجازت نہیں دوں گا جب تک یہ معاملہ حل نہ ہوجائے۔ عدالت کےریمارکس پر ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے دستخط مختلف ہونے پر جواب کے لیے وقت مانگ لیا جس پر عدالت نے کہا کہ معاملہ سنجیدہ ہے، نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، اس درخواست کو التوا میں رکھ رہے ہیں۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7