کراچی (ڈیسک) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن بلدیہ ٹائون میں گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والی بچی کے گھر پہنچ گئے اور ورثاء سے تعزیت کی۔
بچی کے لواحقین اور اہل محلہ سے بات کرتے ہوئے حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ اس علاقے کے سابق رکن اسمبلی کا تعلق پی پی سے تھا۔
انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ پر ڈیڑھ دہائی سے حکومت کر رہی ہے، اتنے بڑے علاقے میں عوام کے لیے ایک ڈسپنسری تک قائم نہیں کی گئی۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ پی پی نے اتنے برس حکومت کر کے عوام کو کیا دیا، آج یہ حال ہے کہ گٹر کے ڈھکن تک نہیں ہیں او رمعصوم بچے گٹروں میں گر کر جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔
اس موقع پر علاقہ مکینوں نے بتایا کہ اس علاقے میں شاید ہی کوئی ایسا گٹر ہو جس پر ڈھکن موجود ہو، سب گٹر موت کے کنویں بنے ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم کس معاشرے میں رہ رہے ہیں، ذرا سوچیں کیا یہ لوگ ہمارے خیر خواہ ہیں جو ہم سے ووٹ لے کر غائب ہو جاتے ہیں۔
دو روز قبل کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں 4 سالہ بچی عمرہ بلوچ کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گئی تھی۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ شہر میں کے الیکٹرک مافیا بنا ہوا ہے، ہمیں مافیائوں کے خلاف مل کر لڑنا پڑے گا، اس وقت کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کا راج ہے۔