You are currently viewing جے یو آئی نے لانگ مارچ کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی

جے یو آئی نے لانگ مارچ کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی

اسلام آباد (ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے لانگ مارچ کے خلاف ایک اور درخواست دائر کر دی گئی۔ جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں وفاق، چاروں صوبوں، عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وفاق اور صوبوں کو حکم دیا جائے کہ لانگ مارچ میں عوام کے بنیادی حقوق متاثر نہ ہوں، لانگ مارچ والوں کا جلسہ اسلام آباد کی آبادی سے باہر ہو۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وفاق اور صوبے یقینی بنائیں کہ پی ٹی آئی کا دھرنا یا ریلی غیر معینہ مدت تک نہ ہو، پی ٹی آئی کو احتجاج سے متعلق قوانین پر عمل کا حکم دیا جائے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے 25 مئی کو سپریم کورٹ کو کرائی گئی یقین دہانی کی خلاف ورزی کی ہے، 2014ء میں تحریک انصاف نے ریڈ زون میں دھرنا دے کر یرغمال بنایا تھا۔دھرنے میں پی ٹی آئی نے پی ٹی وی، پارلیمنٹ ہاؤس اور سیکریٹریٹ پر حملہ کیا تھا۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پھر لانگ مارچ اسلام آباد لا رہی ہے، عمران خان لانگ مارچ کے ذریعے اداروں سے تصادم کے خواہاں ہیں۔