راولپنڈی (نیوز ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو جی ایچ کیو پر حملے سے متعلق کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک حاضری لگوانے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل انتظامیہ کو ویڈیو لنک حاضری سے متعلق انسداد دہشت گردی عدالت کے احکامات موصول ہوگئے ہیں۔
وکیل محمد فیصل ملک نے کہا کہ تھانہ آر اے بازار میں درج مقدمے میں کل 125 ملزمان نامزد ہیں، بانی پی ٹی آئی سمیت 102 ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کی جا چکی ہیں، شاہ محمود قریشی سمیت 23 ملزمان کو چالان کی نقول ابھی تک فراہم نہیں گئی۔
دریں اثناء شیخ رشید، راجہ بشارت، سمابیہ طاہر، کنول شوزب، راشد حفیظ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ملزمان کو حاضری لگانے کے بعد جانے کی اجازت دے دی۔
بعد ازاں عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم کی کارروائی مؤخر کر دی۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو جی ایچ کیو پر حملے کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔