You are currently viewing جیل ٹرائل ختم: جوڈیشل کمپلیکس میں سائفر کیس کی پہلی سماعت

جیل ٹرائل ختم: جوڈیشل کمپلیکس میں سائفر کیس کی پہلی سماعت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سائفر کیس میں آفیشل سیکریٹ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود کو طلب کرلیا۔
اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کی ۔
شاہ محمود کے وکیل علی بخاری اور خالد یوسف عدالت میں پیش ہوئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سائفر کیس میں جیل ٹرائل کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد جوڈیشل کمپلیکس میں کیس کی یہ پہلی سماعت تھی۔
سماعت کے آغاز پر عدالت نے پوچھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی کدھر ہے؟
عدالتی عملے نے سائفرکیس سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی جج کو فراہم کی۔
دوران سماعت جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے وکیل علی بخاری سے مکالمہ کیا کہ بخاری صاحب آپ کے لیے تو بڑی کامیابی ہوئی ہے۔
علی بخاری نے کہا کہ ہم تو پہلے دن سے یہی کہہ رہے تھے۔
بعد ازاں عدالت نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 28 نومبر کو عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہےکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس کے جیل ٹرائل کے خلاف عمران خان کی انٹرا کورٹ اپیل منظور کرتے ہوئے ٹرائل کالعدم قرار دیا۔