لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج مشورے ہو رہے ہیں کہ کسی طرح عمران خان کی ضمانت ہوجائے، جیل سے باہر آنے کے لیے بانی پی ٹی آئی کی سازشیں ناکام ہوں گی۔
مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دوبارہ ترقی نہ آئی تو کوئی جج ہوگا نہ سیاستدان، 2018 میں نواز شریف جیتے ہوئے تھے مگر انہیں ہروا کر عمران خان کو جتوایا گیا، آج عمران خان کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے، وہ افواج اور شہداء کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ لندن میں بیٹھ کر عمران خان نے فوج اور شہیدوں کے خلاف زہر اگلا تھا، 190 ملین پاؤنڈ نواز شریف نے نہیں عمران خان نے چرائے تھے، آج مشورے ہو رہے ہیں کہ کسی طرح عمران خان کی ضمانت ہوجائے، عمران خان کی سازشیں ناکام ہوں گی، افواج پاکستان کے افسروں کے خاندانوں کو سربازار رسوا نہیں کرنے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف سرخرو ہوگئے اور مخالفین کے منہ کالے ہوگئے، جو ظلم وزیادتی آپ سے2017 میں کی گئی اللہ نے آپ کو دوبارہ عزت عطا کی، جھوٹے کیس پاناما سے اقامہ میں سزادی گئی جس کا کوئی اخلاقی جواز نہیں تھا، مخالفین بھی کہتے ہیں نواز شریف سے زیادتی کی گئی، 2018 کا جیتا ہوا الیکشن شکست میں بدلا گیا، عمران خان نے جھرلو کرایا پھر ڈبے تبدیل کردیےگئے۔